93 سالہ میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے پانچویں بار بیاہ رچالیا

کیلیفورنیا: میڈیا ٹائیکون روپرٹ مرڈوک نے 93 سال کی عمر میں 67 سالہ ایلینا ژوکووا سے پانچویں شادی کرلی۔
بیرون ملک کے خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ارب پتی بزنس مین روپرٹ مرڈوک نے روسی نژاد ریٹائرڈ مالیکیولر بائیولوجسٹ ایلینا زوکوو کے ساتھ کیلیفورنیا میں اپنی پانچویں شادی کرلی ہے۔
روپرٹ مرڈوک کی اداکارہ جیری ہال سے چوتھی شادی 2022 میں طلاق پر ختم ہوگئی تھی۔ اس سے قبل وہ چینی نژاد ٹیلی وژن ایگزیکٹو وینڈی ڈینگ، اسکاٹش آسٹریلوی صحافی اینا ٹورو اور آسٹریلوی فلائٹ اٹینڈنٹ پیٹریشیا بکر کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک رہ چکے ہیں۔
روپرٹ مرڈوک کے 6 بچے ہیں جو تمام ان کی پہلی بیوی پیٹریشا سے ہیں، روپرٹ کی اپنی پہلی بیوی سے 1960 کے اواخر میں طلاق ہوگئی تھی جب کہ دوسری بیوی اینا مان کے ساتھ ان کی شادی تیس سال سے زیادہ عرصہ چلی اور 1999 میں دونوں میں طلاق ہوگئی، تیسری بیوی کے ساتھ ان کا رشتہ 2013 میں ختم ہوگیا تھا۔
آسٹریلیا میں پیدا ہونے والے روپرٹ مرڈوک دنیا بھر میں میڈیا ٹائیکون کے نام سے معروف ہیں۔ وال اسٹریٹ جرنل، فاکس نیوز اور دیگر متعدد اہم اشاعتی اور نشریاتی ادارے ان کی ملکیت ہیں۔ فوربس کے مطابق ان کے خاندان کی دولت قریباً 20 بلین ڈالر ہے۔
روپرٹ مرڈوک نے اپنے کیریئر کا آغاز 1950 کی دہائی میں آسٹریلیا میں کیا تھا اور 1969 میں انہوں نے برطانیہ میں نیوز آف دی ورلڈ اور دا سن اخبار خرید لیے تھے۔ اس کے بعد انہوں نے متعدد امریکی جریدے خریدے، جس میں نیویارک پوسٹ اور وال اسٹریٹ جرنل بھی شامل تھے۔
1996 میں انہوں نے فاکس نیوز کی بنیاد رکھی جو آج امریکا میں سب سے زیادہ دیکھے جانے والا نیوز چینل ہے۔ 2013 میں انہوں نے نیوز کور کی بنیاد رکھی جس کے ذریعے وہ سیکڑوں مقامی، قومی اور بین الاقوامی میڈیا کمپنیوں کو کنٹرول کرتے تھے۔

 

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔