9/11: سازشی نظریات پر یقین رکھتا ہوں، ہالی ووڈ ڈائریکٹر اسپائیک لی کااعتراف
نیویارک: ہالی ووڈ کے فلم ڈائریکٹر اسپائیک لی (Spike Lee) نے اعتراف کیا ہے کہ وہ 9/11 کے سازشی نظریات پر یقین رکھتے ہیں۔ اس نظریے کے تحت ورلڈ ٹریڈ سینٹر کی ایک عمارت کو دہشت گردانہ حملے کے ذریعے نہیں گرایا گیا تھا بلکہ سب کچھ کنٹرولڈ دھماکے کے ذریعے کیا گیا تھا۔
برطانوی اخبار کے مطابق انہوں نے یہ بات مؤقر امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں کہی ہے۔
ہالی ووڈ کے فلم ڈائریکٹر اسپائیک لی نے انٹرویو اپنی آٹھ گھنٹے طویل نئی دستاویزی فلم نیویارک ایپیسینٹرز:9/11 پر بھی گفتگو کی۔ چاراقساط پر مشتمل اس دستاویزی فلم کا دو دن قبل ایچ بی او پرپریمیئر ہوا تھا۔
اس دستاویزی فلم میں بنیادی طورپرنیویارک، اس کے رہائشیوں پر گزرے دنوں کی یادیں، 9/11 کے دہشت گردانہ حملے اور کووڈ 19 کے وبائی مرض سے پیدا شدہ صورتحال کا تفصیل سے احاطہ کیا گیا ہے۔
دستاویزی فلم میں نیو یارک کے سیاستدانوں سمیت شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے کارکنوں، فائر فائٹرز اور دیگر کے انٹرویوز کو بھی شامل کیا گیا ہے لیکن نیویارک پولیس ڈپارٹمنٹ نے فلم ساز کے خیالات سے آگاہی کے مؤجب انٹرویو دینے سے اجتناب برتا ہے۔
دستاویزی فلم کے متعلق رپورٹ کے تحت آخری قسط میں ایک ایسے گروپ کے اراکین کے خیالات بھی انٹرویوز کی طرز پر شامل کیے گئے ہیں جو اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ 9/11 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے خاتمے میں امریکی حکومت بھی شامل تھی۔
جب فلم ڈائریکٹر اسپائیک لی سے صافیوں نے سوالات کیے تو انہوں نے نہایت اطمینان سے جواب دیا کہ ان کے پاس اس حوالے سے سوالات ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں سرکاری وضاحتوں سے اپنے مطمئن ہونے کے تاثر کی بھی نفی کی۔
فلم ڈائریکٹر کے مطابق انہوں نے فلم میں اپنا نقطہ نظر شامل کیا ہے لیکن فیصلے کا اختیار لوگوں کو دیا ہے کیونکہ وہ ناظرین کے خیالات کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ لوگوں کا ذہن نہیں بناتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم سازی کی دنیا میں انہیں چار دہائیاں گزر چکی ہیں۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ 9/11 کے فوراً بعد سے ہی کنٹرولڈ مسماری کا نظریہ فروغ پاتا رہا ہے اور اس کی حمایت و مخالفت کے حوالے سے باتیں ہوتی رہی ہیں۔
لوز چینج فلم کے پروڈیوسر ڈیلن ایوری نے بھی ایک مرتبہ کہا تھا کہ ان کے خیال میں عمارت کی تباہی مشکوک ہے کیونکہ اس میں سی آئی اے کا دفتر ، خفیہ سروس کی ایک چوکی ، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن اور شہر کا ایمرجنسی کمانڈ سینٹر ہے لیکن ریاست ہائے متحدہ کی اسپیشل آپریشنز کمانڈ نے کہا ہے کہ کوئی بھی عمارت میں جگہ کرائے پر لے سکتا ہے۔
اسپائیک لی ٹاپ ڈیموکریٹک ڈونر رہے ہیں اور انہوں نے گزشتہ چند سالوں میں انتہائی بائیں بازو کے سیاستدانوں کے لیے مہم بھی چلائی ہے۔