9 مئی کے منصوبہ سازوں کیخلاف قانون کی گرفت مضبوط کرنے کا وقت آگیا، فارمیشن کمانڈرز کانفرنس
راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت ہونے والے فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کے شرکا نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ وقت آگیا ہے 9 مئی کے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زِیر صدارت جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) میں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس ہوئی، جس میں کور کمانڈرز، پرنسپل اسٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فورم نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ریاست پاکستان اور مسلح افواج شہدا اور ان کے اہل خانہ کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ رکھیں گے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاک فوج علاقائی سالمیت کے تحفظ کی اپنی قومی ذمے داریوں کو پورا کرنے کا تہیہ کیے ہوئے ہے۔
فورم نے 9 مئی کے یوم سیاہ کے واقعات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اپنے اس پختہ عزم کا اعادہ کیا کہ شہدا کی یادگاروں، جناح ہاؤس اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت یقینی طور پر جلد از جلد انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کثرت سے جمع کیے گئے ناقابلِ تردید شواہد کونہ جھٹلایا اور نہ ہی بگاڑا جاسکتا ہے، بگاڑ پیدا کرنے کی تمام تر کوششیں اور فرضی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیچھے پناہ لینے کی تمام تر کوششیں بے سود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم کے بھرپورتعاون سے تمام ترناپاک عزائم کو ناکام بنایا جائے گا، ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی پروپیگنڈا سے معاشرتی تفرقہ پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، ملک دشمن عناصر اور ان کے حامی پروپیگنڈا کے ذریعے انتشار پیدا کرنے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام اور مسلح افواج کا آپس میں گہرا تعلق ہے جو قومی سلامتی میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے، 25 مئی کی تقریبات میں عوام کی بھرپور شرکت افواج پاکستان اور عوام میں گہرے تعلق کی واضح عکاسی کرتی ہیں، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا ہے، اس کا مقصد مسلح افواج کو بدنام کرکے مذموم سیاسی مفادات کا حصول ہے۔
فورم نے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نفرت پروان چڑھانے والوں اور ملک میں افراتفری پھیلانے والوں کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور عزم کا اظہار کیا کہ اب وقت آ گیا ہے منصوبہ سازوں اور ماسٹر مائنڈز کے خلاف قانون کی گرفت مضبوط کی جائے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے یہ فیصلہ بھی کیا کہ کسی بھی سہ ماہی میں رکاوٹیں کھڑی کرنے اور دشمن قوتوں کے مذموم عزائم کو حتمی شکست دینے کی کوششوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔