44 روز میں 23 تھیٹرز احمد شاہ کا معجزہ ہے، انور مقصود
کراچی(رپورٹ: جبران سرفراز) نامور ڈراما نگار اور دانشور انور مقصود نے کہا ہے کہ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ اگر امریکا میں ہوتے تو ٹرمپ کو بھی ہرا دیتے، 44 روز میں 23 تھیٹرز یہ ایک معجزہ ہے۔ ہمیں نوجوان ہدایت کاروں کو خوب سراہنا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی آرٹس کونسل میں کراچی تھیٹر فیسٹیول کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انور مقصود نے مزید کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، جس طرح سے آرٹس کونسل نے ”تھیٹر فیسٹیول“ کا کامیاب انعقاد کیا، آپ سب مبارک باد کے حق دار ہیں۔ انور مقصود نے مزید کہا کہ ٹی وی پر چلنے والے 100 فیصد ڈراموں میں 90 فیصد صرف خواتین لکھاری ہیں جو ڈراموں کو کھیل سمجھ رہی ہیں، خدارا ڈرامے کو بدلیں۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ تھیٹر کے دروازوں کو زنگ لگنے لگ گیا تھا، انور مقصود نے اپنے ڈراموں کے ذریعے تھیٹر کو جلابخشی۔ میثم نقوی کے ساتھ آرٹس کونسل کراچی کی تخلیقی ٹیم نے فیسٹیول کو کامیاب بنایا، شاندار فیسٹیول منعقد کرنے پر آرٹس کونسل کی پوری ٹیم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کورونا وبا کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے فیسٹیول کا انعقاد کیا، تاکہ چیزوں کو معمول پر لایا جاسکے۔ اختتامی تقریب میں انور مقصود نے کراچی تھیٹر فیسٹیول کے ہدایت کاروں جن میں ”بانو“میثم نقوی، ”ہیر“زین احمد، ”لیڈیز ٹیلر“ثمینہ نذیر، ”تماشہ“ عظمیٰ ثبین، ”راحت جان“ انجم ایاز، ”بے چارہ چور“ عبید اقبال، ”لوپ“بازیلہ مصطفیٰ، ”انویسٹی گیشن سیل“ کلثوم آفتاب، ”اسٹمپڈ” رؤف آفریدی، ”کھویا ہوا آدمی“ ذیشان نل والا، ”ڈیڈاینڈ“سنیل شنکر، ”پھرمجرم کون“ وجدان شاہ، ”پنٹوڈیتھ کلب“پارس مسرور، ”بیگم جان“ماریہ سعد، ”لَو اَون سیل“ یونس خان، ”لائٹس آؤٹ“ فوادخان، ”منہ میں تو موجود“ شیما کرمانی، انور جعفری، ”بیڈروم کنرورزیشن“ خالد احمد، ”عشق کے بعد“ زرقا ناز، ”اڑتا تیر“ مظہر، منتظر، ”گڈلک ڈارلنگ“ فرحان عالم، آرٹس کونسل کی پروڈکشن”A Doll’s House “دانیال عمراور نکڑناٹک ”سفر“ کی ڈائریکٹر آفرین سحر کو بہترین کارکردگی پر ایوارڈز سے نوازا۔ فیسٹیول کے آخری روز فرحان عالم کا کھیل ”گڈ لک ڈارلنگ“ پیش کیا گیا۔