قرض دینے والی 43 موبائل ایپلی کیشنز بلاک کردی گئیں
اسلام آباد: شہریوں کو بلیک میل کرکے اُن کی زندگی عذاب بنانے میں ملوث قرض دینے والی ایپلی کیشنز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے حکام نے ملک میں ایسی 43 ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا۔
دھیان رہے کہ قرض ایپلی کیشن ایزی لون سے قرض لینے والے راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے ایک بے روزگار شہری نے مبینہ 8 لاکھ روپے کی عدم ادائیگی پر دھمکیاں ملنے اور روزانہ کی بلیک میلنگ اور بڑھتے ہوئے سود سے تنگ آکر خودکشی کرلی تھی۔
مذکورہ معاملہ منظرِعام پر آنے کے بعد حکام حرکت میں آئے اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ایسی قرض ایپلی کیشنز چلانے والے متعدد افراد کو گرفتار کر کے ان کے لیپ ٹاپ قبضے میں لے لیے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے نے بتایا تھا کہ سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے مختلف کارروائیوں کے دوران آن لائن لون ایپلی کیشنز کے ذریعے بلیک میلنگ میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا، سائبر کرائم سرکل نے یہ کارروائیاں فنانشل سروسز کے ساتھ کیں۔
دوسری جانب وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی امین الحق نے چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل حفیظ الرحمٰن کو ایسی ایپلی کیشنز کے خلاف فوری کارروائی کی ہدایت کی۔
وزیر کی ہدایت پر فوری عمل درآمد کرتے ہوئے ایسی 43 ایپلی کیشنز کو بلاک کردیا گیا ہے۔