4 سالہ بچی کا اغوا، زیادتی کے بعد قتل، لواحقین سراپا احتجاج

خانیوال: ملک میں پھر معصوم بچی سے زیادتی اور قتل کا افسوس ناک سانحہ رونما ہوا ہے، خانیوال میں 4 سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردی گئی، اغوا کے تین روز بعد بوری بند لاش کھیتوں سے ملی۔ اس افسوس ناک واقعے کے خلاف لواحقین نے سڑک بلاک کرکے احتجاج کیا۔
بتایا جاتا ہے کہ خانیوال اسمال انڈسٹری کے نزدیک آبادی کی رہائشی چار سالہ بچی کھیل رہی تھی کہ اسے اغوا کرلیا گیا۔ تین روز بعد بچی کی مسخ شدہ بوری بند لاش اسمال انڈسٹری کے نزدیک کھیتوں سے ملی، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔
لواحقین کے مطابق چار سالہ بچی کے لاپتا ہونے کی درخواست تھانے میں دی گئی، لیکن پولیس ٹس سے مس نہ ہوئی۔ ورثاء نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرکے جہانیاں روڈ ٹائر جلا کر بلاک کردی۔ پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لے کر کارروائی شروع کردی۔ معصوم پھول کے جسد خاکی کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔