خیبرپختونخوا میں آپریشنز میں 35 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد ہلاک، 12 جوان شہید

راولپنڈی: پاک فوج نے خیبرپختونخوا میں دو مختلف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد تنظیم فتنۃ الخوارج کو بڑا نقصان پہنچایا، جن میں 35 دہشت گرد ہلاک جب کہ 12 جوان جامِ شہادت نوش کر گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز 10 سے 13 ستمبر کے درمیان ضلع باجوڑ اور جنوبی وزیرستان میں کیے گئے۔
پہلی کارروائی ضلع باجوڑ میں کی گئی جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے میں 22 دہشت گرد مارے گئے۔
دوسری بڑی کارروائی جنوبی وزیرستان میں کی گئی جہاں مزید 13 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔
ان کارروائیوں کے دوران 12 بہادر سپاہی وطن پر قربان ہوگئے۔ پاک فوج کے مطابق یہ دہشت گرد پاکستان مخالف سرگرمیوں، حملوں اور تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے وافر اسلحہ اور گولا بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق ان دہشت گرد کارروائیوں میں افغان شہریوں کی شمولیت اور افغان سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال ہونا شدید تشویش کا باعث ہے۔
پاکستان نے عبوری افغان حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کو نبھائے اور اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دے۔
علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے جوانوں کی قربانیاں ہمارا فخر ہیں، اور ہم بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر کے دم لیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔