نائیجیریا میں ریلوے اسٹیشن سے 32 مسافراغوا
ابوجا: نائیجیریا میں ریلوے اسٹیشن سے 32 مسافر اغوا، ریاست ایڈو کے ٹام ایکیمی ریلوے اسٹیشن پر گاڑی کا انتظار کرتے 32 مسافروں کو مسلح شخص نے اسلحے کے زور پر یرغمال بناکر اغوا کرلیا۔
ریاستی گورنر کی ویب سائٹ کے مطابق اے کے 47 سے لیس مسلح شخص نے ریلوے اسیشن پر موجود 32 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد اغوا کرلیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ چرواہوں کے قبیلے کے ایک شخص نے اسلحے کے زور پر تیل کی پیداوار میں مرکزی حیثیت کے حامل شہر ’واری‘ جانے کے لیے ٹرین کا انتظار کرنے والے 32 مسافروں کو اسلحے کے زور پر اغوا کرلیا ہے جب کہ اسٹیشن پر موجود کچھ لوگوں کو گولیاں لگنے کی بھی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق واقعہ افریقا کے سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے ملک کے طول و عرض میں پھیلتے ہوئے عدم تحفظ کے احساس کی ایک تازہ مثال ہے اور اس صورت حال کو ملک میں آئندہ ماہ ہونے والے صدارتی انتخابات کیلئے ایک چیلنج سمجھا جارہا ہے۔
مقامی انتظامیہ کا کہنا ہے مسلح شخص نے 32 افراد کواغوا کرلیا ہے جب کہ ایک شخص اغواکار کی تحویل سے فرار ہوگیا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے مطابق مغویوں کی تلاش کے لیے پولیس، فوج اور مقامی باشندوں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، امید ہے چند گھنٹوں میں مغویوں کو تلاش کرکے اغواکار کے چنگل سے بازیاب کرالیا جائے گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ سال مارچ میں اغوا کیے گئے لوگوں کو بھی اکتوبر تک یرغمال بنا کر رکھا گیا تھا۔