سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں 15 خوارج ہلاک، لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید
![](https://urdu.voiceofsindh.com.pk/wp-content/uploads/2025/02/Shaheed.jpg)
راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں دو الگ الگ کارروائیوں میں 15 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ محمد حسان سمیت 4 جوانوں نے بھی مادرِ وطن پر اپنی جان قربان کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ہتھالہ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا، جہاں خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
بیان کے مطابق دورانِ آپریشن، سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 9 خوارج، بشمول ان کے سرغنے ہلاک ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق مارے جانے والوں میں خارجی رِنگ لیڈر فارمان عرف ثاقب، خارجی امان اللہ عرف توری، خارجی سعید عرف لیاقت خارجی بلال شامل ہیں۔
بیان کے مطابق یہ تمام دہشت گرد علاقے میں متعدد تخریبی سرگرمیوں میں ملوث اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے، ایک اور کارروائی میں، شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے 6 خوارج کو مؤثر طریقے سے جہنم واصل کردیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف اس کارروائی میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف (عمر 21 سال، رہائشی ضلع لاہور) نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا، ان کے ساتھ تین جوانوں نے بھی مادرِ وطن پر اپنی جان نچھاور کر دی۔
صدر مملکت اور وزیرِاعظم شہباز شریف نے خیبر پختونخوا میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پذیرائی کی۔
اپنے بیان میں وزیرِاعظم نے آپریشنز کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ محمد حسان اشرف، نائب صوبیدار محمد بلال، سپاہی فرحت اللہ اور سپاہی ہمت خان کو خراج عقیدت کیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھ سمیت پوری قوم کو اپنے شہداء اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، دہشت گردی کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے. دہشت گردوں کے ملک کے امن کو خراب کرنے کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے.
صدر مملکت آصف علی زرداری نے انٹیلی جنس پر مبنی کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا اور صدر مملکت نے کارروائی کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفیٹننٹ محمد حسان اشرف شہید سمیت 4 جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے بہادر شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی، صدر مملکت نے پاک فوج کے بہادر شہداء کی بہادری اور جذبہ حب الوطنی کو سراہا اور دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا۔