وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 12 خوارج ہلاک، 6 جوان شہید
راولپنڈی: 19 اور 20 ستمبر کو شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید جھڑپوں کے دوران 12 خوارج ہلاک کردیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 19 ستمبر کو شمالی وزیرستان کے علاقے اسپن وام میں پاکستان افغانستان سرحد پار کرنے کی کوشش کرنے والے 7 دہشت گردوں کے ایک گروہ کی نقل و حمل کا سیکیورٹی فورسز کو علم ہوا، جس پر دہشت گردوں کو گھیر لیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد تمام 7 خوارج کو ہلاک کردیا گیا، جن کے قبضے سے وافر ہتھیار، گولا بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا۔
دوسری جھڑپ، جنوبی وزیرستان کے علاقے لدھا میں پیش آئی، جس میں خوارج کے ایک گروہ نے سیکیورٹی فورسز کی پوسٹ پر حملہ کیا جو ناکام بنادیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے 5 خوارج کو ہلاک کردیا، تاہم شدید فائرنگ کے دوران ملک کے 6 بہادر سپوتوں نے جرأت و بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔
علاقے میں کسی بھی باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔ پاکستانی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے اس عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔