جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری، سیکیورٹی پر تعینات 12 اہلکار ہٹادیے گئے
واشنگٹن: نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری کی سیکیورٹی پر تعینات ہزاروں اہلکاروں میں سے 12 اہلکاروں کو اچانک ہٹادیا گیا۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق امریکی نیشنل گارڈ کے ان 12 اہلکاروں کے بائیں بازو کے شدت پسند گروپ کے ساتھ تعلقات پائے گئے اور ان اہلکاروں نے آن لائن متنازع پوسٹیں بھی کیں، جس بناء پر انہیں فوری طور پر ذمے داریوں سے ہٹادیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ اس تمام تر صورت حال میں امریکی صدر جوبائیڈن کو کوئی خطرہ نہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام، سینئر انٹیلی جنس اور فوجی حکام نے اس معاملے پر بریف کیا جب کہ اس سلسلے میں یہ نہیں بتایا گیا کہ سیکیورٹی سے ہٹائے گئے اہلکاروں کا کس گروپ سے تعلق تھا یا انہوں نے اس گروپ کے لیے کیا کام کیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اعلیٰ عہدیداران کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے حکام کو یہ اختیار نہیں کہ وہ عوامی سطح پر یہ بات کرسکیں یا نام ظاہر کیے بغیر بھی مشروط طور پر اس بارے میں بتاسکیں۔
میڈیا رپورٹس میں کہا گیا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کو ایک ایسے وقت میں ہٹایا گیا ہے جب ایف بی آئی نے تقریب حلف برداری کے لیے جانچ پڑتال کرکے 25 ہزار تجربہ کار اہلکاروں کو مخصوص علاقے میں تعینات کیا۔
خیال رہے کہ نئے امریکی صدر کی تقریب حلف برداری پاکستانی وقت کے مطابق آج شب ساڑھے 9 بجے ہوگی جس کے لیے جوبائیڈن اور کملا ہیرس واشنگٹن پہنچ چکے اور تمام تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔