ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرلیا، اسد عمر

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور این سی او سی کے سربراہ اسد عمر نے بتایا ہے کہ ملک میں ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کرلیا ہے۔ کورونا سے بچاؤ کے لیے ملک بھر میں ویکسی نیشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایک روز میں 10 لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کا ہدف عبور کرلیا، گزشتہ روز 10 لاکھ 72 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، وفاقی اداروں کے تعاون سے ریکارڈ ویکسی نیشن ہورہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، اسلام آباد میں ریکارڈ ویکسی نیشن ہوئی، پشاور اور راولپنڈی 35، فیصل آباد میں 28 فیصد آبادی کو ویکسین لگ چکی، لاہور، گوجرانوالا، سیالکوٹ، سرگودھا میں 27 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہوچکی، کراچی 26، حیدرآباد کی 25 فیصد آبادی کی ویکسی نیشن ہوچکی۔
اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 19 لاکھ 29 ہزار 581 افراد کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے جن میں سے 67 لاکھ 20 ہزار 918 افراد نے کامیابی کے ساتھ ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہیں جب کہ 2 کروڑ 52 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک لگ چکی ہے۔
حکومتی اعدادوشمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 10 لاکھ 72 ہزار 172 افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، جن میں سے 1 لاکھ 92 ہزار 991 افراد کو ویکسین کی دوسری خوراک لگائی گئی جب کہ 8 لاکھ 79 ہزار 181 افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک لگائی گئی۔ واضح رہے کہ حکومت کا رواں سال کے آخر تک 7 کروڑ شہریوں کی ویکسی نیشن مکمل کرنے کا ہدف مقرر ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔