کورونا کے انسداد اور معیشت کا پہیہ جاری رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں تاجر برادری کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے۔ کورونا وبا کے انسداد اور معیشت کا پہیہ جاری رکھنے میں توازن قائم رکھا جائے۔
کورونا وبا کی صورتحال پر وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں انہیں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔چیئرمین این ڈی ایم اے کا بریفنگ دیتے ہوئے کہنا تھا کہ آٹھ ہزار سے زائد ٹیسٹ روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں، اس ماہ کے آخر میں 20ہزار ٹیسٹ یومیہ کرنے کا ہدف حاصل کر لیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ تیسری کھیپ میں 408ہسپتالوں کو کورونا وائرس سے متعلق سامان بھجوایا گیا ہے، چوتھی کھیپ میں اس سامان کو دُگنا کر دیا جائے گا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا کے خلاف سب سے موثر حکمت عملی سماجی فاصلے کو یقینی بنانا ہے۔ سماجی فاصلوں کی اہمیت کے بارے میں عوام کو زیادہ سے زیادہ آگاہی فراہم کی جائے۔ آزاد ملکوں میں طاقت کے استعمال کے بجائے عوام کو ترغیب دے کر تعاون کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں ڈاکٹر اور طبی عملہ ہمارا ہراول دستہ ہے۔ طبی عملہ کی ضروریات پورا کرنا اولین ترجیح ہے۔ مساجد اور عبادات کے حوالے سے لائحہ عمل علماء کرام اور مشائخ کے مکمل اتفاق رائے سے طے پایا ہے، اس پر عمل درآمد کی ذمے داری انہوں نے خود لی ہے، تاہم کورونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اقدامات مشترکہ ذمے داری ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔