کورونا کی وبا دس ہزار سے زائد زندگیاں نگل گئی
کراچی: کورونا وائرس COVID 19 کے باعث دنیا بھر میں 10,082 انسان اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔
دنیا بھر میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد لگ بھگ ڈھائی لاکھ تک پہنچ چکی، اب تک وائرس سے 248,683 لوگ متاثر ہوچکے جب کہ 88,563 افراد وائرس سے صحت یاب ہوئے، دوسری طرف وائرس نے 182 ممالک کو لپیٹ میں لے لیا ہے۔
اٹلی میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد چین سے بھی زیادہ ہوگئیں، اب تک کورونا میں مبتلا ہو کر 3,405 اطالوی زندگی کی بازی ہار چکے جب کہ وائرس کے شکار افراد کی تعداد 41,035 ہوچکی ہے۔ چین میں ہلاکتوں کی تعداد 3,248 جب کہ متاثرین کی تعداد 80,967 ہے، چین میں نئے مریضوں کی تعداد بھی نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے۔
ایران میں بھی تیزی سے اموات کی تعداد بڑھتی جارہی ہے، اب تک 1,284 افراد جاں بحق ہوچکے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 18,407 تک پہنچ گئی۔ اسپین میں بھی تیزی سے شرح اموات بلند ہورہی ہے، وائرس سے 831 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جب کہ 18,077 افراد متاثر ہوئے۔ فرانس میں اموات کی تعداد 372 ہو گئی ہے اور 10,995 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ امریکا میں بھی 217 افراد اب تک ہلاک ہوچکے ہیں جب کہ 14,366 افراد کو وائرس لاحق ہوا۔ برطانیہ میں ہلاکتیں 144 ہوئیں اور متاثرہ افراد کی تعداد 3,269 ہے۔ جنوبی کوریا میں 94 افراد ہلاک ہوئے جب کہ متاثرین کی مجموعی تعداد 8,652 ہے۔
نیدرلینڈ میں 76 افراد ہلاک، 2,460 افراد متاثر ہوئے۔ سوئٹزرلینڈ میں 43 افراد ہلاک، 4,222 متاثر ہو چکے ہیں۔ بیلجیم میں 37، جاپان میں 33، کینیڈا 12، انڈونیشیا 32، فلپائن 18، عراق 13، سان مرینو 14، الجیریا میں 10 افراد کورونا وائرس سے موت کے منہ میں جاچکے ہیں۔