کورونا وائرس کمزور پڑرہا ہے، اطالوی ماہر
روم: اٹلی کے پروفیسر ’میٹیو بیسیٹی‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ کورونا وائرس کمزور پڑرہا ہے، وبائی مرض ممکنہ طور پر بغیر ویکسین کے ختم ہوجائے گا۔ غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اطالوی پروفیسر کا کہنا کہ کورونا کے زور میں دن بہ دن کمی آرہی ہے، کورونا اپنے آغاز میں بہت متحرک تھا لیکن اب اس کا زور ٹوٹ رہا ہے، اب وبا سے متاثر ہونے والے افراد مرنے کے بجائے صحت یاب ہوجائیں گے،انھوں نے مزید کہا کہ اٹلی میں کورونا کی صورت حال بھی ماضی جیسی نہیں رہی۔ میٹیو بیسیٹی کا کہنا ہے کہ کورونا ایک شیر کی طرح تھا لیکن اب محض جنگلی بلی کے سوا کچھ بھی نہیں، دنیا بھر میں لوگوں نے جس طرح کورونا کا مقابلہ کیا اور احتیاطی تدابیر اپنائی اس سے وائرس کا خطرہ کم ہوا اور وائرس میں موجود جینیاتی تبدیلی نے وبا کو کم مہلک بنا دیا ہے۔ خیال رہے کہ مذکورہ پروفیسر اٹلی کے شہر جینوا میں قائم ’سان مارٹینو جنرل اسپتال‘ کے چیف انفیکشن ڈزیزز ہیں، انہوں نے اس سے قبل بھی ایک دو بار کرونا سے متعلق مثبت دعوے کیے ہیں۔ البتہ دیگر ماہرین نےمذکورہ دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے متعلق کوئی ثبوت نہیں ہے، لہذا خیالی باتوں پر ہم کوئی حتمی رائے قائم نہیں کرسکتے، شواہد یا تحقیق ضروری ہے