کورونا وائرس: آرمی چیف نے تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کی ہدایت کردی
راولپنڈی: ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تمام کمانڈرز کو ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، آرمی چیف نے کہا کہ سول انتظامیہ سے کورونا وائرس کے سلسلے میں تعاون کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
آرمی چیف کا کہنا ہے کہ مسلح افواج صورت حال سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبائی انتظامیہ سے رابطے میں ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر مسلح افواج کی تمام میڈیکل سہولتیں متحرک ہیں، کرونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے مسلح افواج کے تمام طبی مراکز بھی تیار ہیں، تمام بڑے فوجی اسپتالوں میں کرونا وائرس ٹیسٹ کے لیے لیبز قائم کر دی گئیں، اے ایف آئی پی راولپنڈی میں بھی سینٹرل ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 195 تک پہنچ چکی ہے، پنجاب میں اس کے 6 کیسز کی تصدیق ہو گئی، وزیر صحت پنجاب کے مطابق ڈی جی خان میں 736 زائرین قرنطینہ میں موجود ہیں، سندھ میں کورونا وائرس میں مبتلا لوگوں کی تعداد 155 تک پہنچ چکی ہے۔