کورونا متاثرین کی تعداد 332، دو اموات
اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 332 ہوگئی جبکہ وائرس نے 2 افراد کی جان لے لی، مرنے والے افراد میں ایک کا تعلق مردان اور دوسرے کا ہنگو سے تھا۔
پنجاب میں وائرس سے 33، بلوچستان میں 45، خیبرپختونخوا 19، گلگت بلتستان میں 15، اسلام آباد میں 8 اور آزاد کشمیر میں ایک شخص کورونا سے متاثر ہے۔ سندھ میں مزید 3 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ تفتان سے سکھر آنے والے مزید 17 زائرین میں وائرس کی تصدیق کی گئی، کورونا کے 19 مریض کراچی میں رپورٹ ہوئے، سندھ بھر میں مریضوں کی تعداد 211 ہوگئی۔
مردان میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والے 50 سالہ شخص کو ایک روز قبل میڈیکل کمپلیکس لایا گیا تھا، سعادت خان گزشتہ ہفتے ہی عمرہ کرکے آیا تھا۔ ہلاکت کے بعد مردان انتظامیہ نے منگاہ کے علاقے کو لاک ڈاؤن کر دیا جبکہ علاقے میں آمدورفت پر مکمل پابندی عائد کردی گئی، علاقہ مکینوں کی اسکریننگ کے انتظامات مکمل کرلیے گئے۔ جان لیوا وائرس نے ہنگو کے رہائشی 36 سالہ شخص کی جان بھی لے لی، متاثرہ شخص لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیر علاج تھا۔