کورونا عفریت، وزیراعظم کا 12 سو ارب کا معاشی پیکیج منظور
اسلام آباد: کورونا وائرس کے تناظر میں عوام کو ریلیف دینے کےلیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 12 سو ارب روپے کا وزیراعظم کا معاشی پیکیج منظور کرلیا۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم معاشی ریلیف پیکیج کی منظوری دی گئی۔
معاشی ریلیف پیکیج میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدوروں کے لیے 200 ارب روپے رکھے گئے ہیں، برآمدی شعبے اور صنعتوں کے لیے 100 ارب جب کہ زراعت اور اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ایز) کی خاطر 100ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
وزیراعظم کے معاشی پیکیج میں یوٹیلٹی اسٹورز کے لیے 50ارب روپے، سرکاری سطح پر گندم کی خریداری کی خاطر 280ارب روپے، ایک کروڑ 20 لاکھ مستحق خاندانوں کے لیے 100 ارب روپے سے زائد رکھے گئے ہیں۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ریلیف کے لیے 70ارب روپے کی منظوری دی، بجلی اور گیس بلوں میں ریلیف کی خاطر 110ارب روپے فراہم کیے جائیں گے، ہنگامی فنڈز کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے جب کہ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو 25ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔