کورونا زدگان 46 ہزار کے قریب، ایک دن میں ریکارڈ اموات

اسلام آباد / کراچی / لاہور: پاکستان بھر میں کورونا وبا نے مزید شدت اختیار کرلی اور ایک دن میں اب تک سب سے زیادہ 46 اموات ریکارڈ کی گئی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 13 ہزار 962 ٹیسٹ کیے گئے جب کہ مجموعی طور پر 4 لاکھ 14 ہزار 254 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں مزید ایک ہزار 932 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 45 ہزار 898 ہوگئی ہے۔ 31 ہزار 812 مریض اب بھی ہسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں جب کہ 13 ہزار 101 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں مزید 46 افراد کورونا کے ہاتھوں لقمہ اجل بنے جو ایک دن میں ملک میں اس وائرس سے ہونے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔ اس طرح ملک میں مجموعی اموات 985 ہوگئیں۔
خیبرپختونخوا میں کورونا سے سب سے زیادہ 345 اموات ہوئی ہیں جب کہ سندھ میں 299، پنجاب میں 289، بلوچستان میں 38، اسلام آباد میں 9 اور گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک مریض جان کی بازی ہار گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی زیادہ تعداد ہے جہاں مصدقہ مریضوں کی تعداد 17 ہزار947 ہے، دوسرے نمبر پر پنجاب ہے جہاں کورونا کیسز 16 ہزار 685 ہوگئے ہیں، اس کے علاوہ خیبر پختونخوا میں 6 ہزار 554، بلوچستان میں 2 ہزار 885 کیسز، اسلام آباد میں ایک ہزار 138، گلگت میں 556 اور آزاد کشمیر میں 133 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالا سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔