کورونا زدگان ساڑھے 38 ہزار سے متجاوز، 834 جاں بحق، 1088 صحت یاب
اسلام آباد: پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1581 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جب کہ 31 افراد لقمہ اجل بنے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 14 ہزار 878 ٹیسٹ کیے گئے، اس طرح ملک بھر میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 59 ہزار 264 کورونا ٹیسٹ کیے جاچکے۔ اب تک پاکستان بھر میں 10 ہزار 880 مریضوں نے اپنے طاقت ور مدافعتی نظام کی بدولت اس وائرس کو شکست دی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 1581 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے بعد پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد 38 ہزار 799 ہوگئی ہے، جن میں سے سندھ میں 14 ہزار 916، پنجاب میں 14 ہزار 201، خیبرپختون خوا میں 5 ہزار 678، بلوچستان میں 2 ہزار 457، آزاد کشمیر میں 108، اسلام آباد میں 921 اور گلگت بلتستان میں 518 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس نے مزید 31 زندگیوں کے چراغ گل کردیے، کورونا سے کُل 834 افراد جاں بحق ہوچکے، خیبرپختونخوا میں عالمی وبا سے سب سے زیادہ 291 اموات ہوئیں جب کہ سندھ میں 255، پنجاب میں 245، بلوچستان میں 31، اسلام آباد میں 7، گلگت بلتستان میں 4 جب کہ آزاد کشمیر میں ایک فرد جان کی بازی ہار چکا۔ اس کے علاوہ 188 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔