کورونا زدگان ایک ہزار 914، اموات 26 ہوگئیں
اسلام آباد : پاکستان بھر میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد ایک ہزار 914 ہوگئی جب کہ 26 افراد جاں بحق اور 58 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وفاقی وزارت صحت کے کمانڈ اینڈ کنٹرول سیل کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 914 ہوگئی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 49 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ ایک مریض دم توڑ گیا، 12 کی حالت تشویش ناک ہے اور 58 مریضوں نے اس وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں کورونا مریضوں کی سب سے زیادہ تعداد پنجاب میں ہے، جہاں 652 افراد میں اس کی تشخیص ہوچکی ہے، سندھ میں 627 ، خیبر پختونخوا میں 221، بلوچستان میں 153 ، اسلام آباد میں 58 ، گلگت بلتستان میں 148 اور آزاد کشمیر میں 6 مریض ہیں۔