ملک بھر میں 9565 کورونا زدگان، 201 جاں بحق
اسلام آباد: پاکستان بھر میں کورونا زدگان کی تعداد 9565 ہوگئی جب کہ اس وائرس سے 201 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے 349 نئے کیس رپورٹ ہوئے ، جس کے بعد پاکستان میں کورونا زدگان کی تعداد 9565 ہوگئی جب کہ 2073 افراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں کورونا نے مزید 9 افراد کی جان لی جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 201 ہوگئی ۔ خیبر پختونخوا میں کورونا سے 74 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔ سندھ میں 66، پنجاب 49، بلوچستان میں 6 جب کہ اسلام آباد اور گلگت بلتستان میں3،3 افراد جاں بحق ہوئے ۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے سب سے زیادہ مریض پنجاب میں ہیں جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4255 ہے۔ اس کے علاوہ سندھ میں 3052، خیبرپختونخوا میں 1276، بلوچستان میں 465، گلگت بلتستان میں 281، اسلام آباد میں 185 جب کہ آزاد کشمیر میں 51 مریض ہیں۔