کس بلڈ گروپ کے لوگ کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں؟

ناروے : سائنسدانوں نے اس بات کی نشاندہی کی ہے وہ کون سے خون کے گروپ کے حامل افراد کو کوویڈ19 کے حملے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق چینی ماہرین پہلے ہی اس بارے میں معلومات جمع کر چکے ہیں مگر اب ناروے اور جرمنی کے سائنسدانوں نے بھی ایک مطالعے کے ذریعے یہ معلوم کیا ہے کہ خون کے بعض گروپ کے حامل افراد کے لیے نیا کورنا وائرس یعنی کوویڈ19 زیادہ نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ خیال کافی عرصے سے ظاہر کیا جا رہا تھا کہ جینیاتی عوامل کورونا وائرس سے تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ناروے اور جرمن سائنسدانوں کی طرف سے کی جانے والی ایک اسٹڈی کے مطابق خون کے بعض گروپ رکھنے افراد والے افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی صورت میں سانس کی تکلیف ان کے لیے زیادہ نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔

اوسلو کے یونیورسٹی ہاسپٹل سے تعلق رکھنے والے محقق ٹام کارلسن اور جرمنی کی یونیورسٹی آف کیل کے محقق آندرے فرانکے کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق کے دوران محققین نے 1,610 ایسے مریضوں کے بارے میں طبی معلومات جمع کیں جو کووڈ انیس کے مرض میں مبتلا ہوئے۔ ان مریضوں کا علاج اسپین اور اٹلی کے ہسپتالوں میں کیا گیا۔

محققین کو طبی ڈیٹا کے تجزیے سے معلوم ہوا کہ اے پوزیٹیو اے پلس بلڈ گروپ رکھنے والوں میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے کی صورت میں سانس کی تکلیف زیادہ نقصان دہ ثابت ہوتی ہے جبکہ او بلڈ گروپ کے حامل افراد اس وائرس کے خلاف بہتر قوت مدافعت رکھتے ہیں۔

چینی محققین کی طرف سے کی جانے والی اسٹڈی کے مطابق کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے اوسط سے زیادہ افراد کی تعداد ایسی تھی جن کے خون کا گروپ اے تھا۔ اسی طرح انہوں نے او گروپ کے خون کے حامل افراد میں اس بیماری کے خلاف بہتر قوت مدافعت نوٹ کی تھی۔

خیال رہے کہ یہ بات بھی تسلیم شدہ ہے کہ او گروپ رکھنے والے افراد میں شدید ملیریا ہونے کے امکانات انتہائی کم ہوتے ہیں جبکہ اے گروپ رکھنے والے افراد میں طاعون کے خلاف نسبتا زیادہ قوت مدافعت موجود ہوتی ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔