پٹرولیم مصنوعات کا وافر اسٹاک، قلت کا کوئی خدشہ نہیں، وزارت توانائی
کراچی: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت کا امکان وزارت توانائی نے مسترد کردیا۔
وزارت توانائی کے پٹرولیم ڈویژن نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کا وافر اسٹاک ہے اور قلت کا کوئی خدشہ نہیں۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے یکم مئی اور 2 مئی کو فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا، دوسری جانب پٹرول پمپس مالکان نے کمپنیوں سے پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری نہیں کی تھی۔ وزارت توانائی نے بیان میں کہا کہ ملک میں پٹرول کا 2 لاکھ 85 ہزار ٹن اور ڈیزل کا 3 لاکھ 50 ہزار ٹن کا اسٹاک موجود ہے۔
موجودہ اسٹاک آئندہ 15 روز کی طلب پوری کرنے کے لیے کافی ہے۔ پی ایس او کے لیے پٹرول اور ڈیزل لانے والے دو جہاز پورٹ قاسم پہنچ چکے ہیں۔ جہاز 50 ہزار ٹن پٹرول اور 55 ہزار میٹرک ٹن ڈیزل لے کر آئے ہیں۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی کہ پٹرولیم مصنوعات کی ضرورت سے زیادہ خریداری نہ کریں۔ وزارت توانائی اور پٹرولیم ڈویژن پاکستان میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔