پاکستانی سفارت خانے پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں، عائشہ فاروقی
اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ پاکستانی سفارت خانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ دنیا بھر میں موجود سو ملکوں میں کام کرنے والے پاکستانی سفارتخانے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ امداد فراہم کر رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کے عملے نے خلیجی ملکوں میں رہائش پذیر مستحق خاندانوں میں اشیائے خورونوش تقسیم کیں اور انہیں مالی امداد بھی دی۔
ترجمان نے کہا مالی امداد ان پاکستانیوں کو دی گئی جو بینکاک، ترکی اور امریکا میں شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سفارتخانے کے عملے نے ہوائی اڈوں پر وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کو بھی امداد فراہم کی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ترجیح ان پاکستانیوں کو دی گئی ہے جن کے ویزوں کی مدت ختم ہو گئی ہے۔