وزیراعظم کا پٹرول قلت پر اظہار برہمی، ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت
اسلام آباد: وزیر اعظم نے ملک میں پٹرول کی قلت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پٹرول کی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزرا نے ملک میں پٹرول کی عدم دستیابی پر برہمی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزراء مراد سعید اور فیصل واوڈا نے نجی ہسپتالوں کی جانب سے غریب عوام سے زائد وصولیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی ہسپتال مافیا کورونا کی آڑ میں غریب عوام کو لوٹ رہے ہیں ۔ ان کا مطالبہ تھا کہ صوبائی حکومتوں کو انتظامی معاملات بہتر کرنے کی بھی ہدایت کی جائے۔وفاقی کابینہ نے چینی بحران تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کے آغاز پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق اس موقع پر وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ الیکشن میں تحریک انصاف کو احتساب کے لیے مینڈیٹ ملا۔ بنیادی اشیاء ضروریہ کی مناسب قیمتوں پر دستیابی اولین ترجیح ہے ۔ماضی میں سیاسی اثررسوخ استعمال کرکے غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالے گئے۔ تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کو کیسز بھجوا دیے ہیں۔ سیاست کو کاروبار کے لیے استعمال کرنے والوں سے حساب لیا جائے گا۔