وزیراعظم کا پٹرول بحران میں ملوث کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کرنے کا حکم
اسلام آباد: وزیراعظم نے پٹرول بحران میں ملوث کمپنیوں کے لائسنس معطل اور منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان کو پٹرول بحران پر ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ پیش کردی گئی۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے پٹرول بحران کی ذمے داری پٹرولیم ڈویژن پر عائد کردی۔ رپورٹ کے مطابق ڈی جی آئل ڈاکٹر شفیع آفریدی اور پٹرولیم ڈویژن افسران اپنی ذمے داری پوری کرنے میں ناکام رہے، 9 آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول ذخیرہ کیا جس سے بحران پیدا ہوا۔
وزیراعظم نے اوگرا کو رپورٹ میں ذمے دار قرار دی جانے والی آئل کمپنیوں اور افسران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملوث کمپنیوں کے لائسنس معطل اورمنسوخ کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے حکم دیا کہ تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو 21 دن کا ذخیرہ یقینی بنانے کا پابند کیا جائے۔