وزیراعظم عید سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لوگوں سے اپیل ہے عید پر گھروں میں رہیں اور سادگی سے منائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الزام لگایا جاتا ہے میں کورونا پر سیاست کرتا ہوں، ہاں میں لوگوں کی جانیں بچانے کی سیاست کرتا ہوں، لاک ڈاؤن کے فوائد کے سبب ہی اسپتالوں پر بوجھ کم ہے، جو لاک ڈاؤن کو ضروری نہیں سمجھتے وہ بھی تقاریر میں اس کے فوائد بتاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے معاملے پر لسانی رنگ دیا گیا کہ کراچی سے دشمنی کی جارہی ہے، اسمبلی میں بتاؤں گا کس طرح سبوتاژ کرنے اور لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی گئی، اس میں بہت لوگ ملوث ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سب سے اپیل ہے عید کو سادگی منائیں، میں نے اس عید پر کپڑے نہیں سلوائے، اس موقع پر کیسے عید مناسکتا ہوں؟، وزیراعظم عمران خان عید سادگی سے منانے کا قومی اعلان کریں، لوگ گھروں سے نہ نکلیں، اپنے گاؤں نہ جائیں۔
مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی ) کی تشکیل غیر آئینی ہے، وزیراعظم کو خط لکھا ہے کہ نوٹیفکیشن واپس لیا جائے، این ایف سی کمیشن کے ٹی او آرز بھی غیر آئینی ہیں، آئین کو پامال کیا جارہا ہے۔