ن لیگ کے دور حکومت میں شاہد خاقان نے چینی پر 20 ارب کی سبسڈی دی: شہزاد اکبر
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر سنگین الزامات عاید کر دیے۔
تفصیلات کے مطابق اپنی پریس کانفرنس میں شہزاد اکبر نے دعوی کیا کہ وہ شوگر رپورٹ سے متعلق نئی باتیں لے کر آئے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ گزشتہ 5 برس میں ن لیگ نے 29 ارب روپے کی سبسڈی دی، جس میں سے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 20 ارب روپے کی سبسڈی دی تھی، البتہ پنجاب حکومت نے صرف دو اعشاریہ چار ارب روپے کی سبسڈی دی۔
شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی کے کارنامے رپورٹ میں دیکھ لیں، خادم اعلیٰ کے دور میں ڈاکا مارا گیا اور جب دورختم ہوگیا تو چوری کی گئی، جس نے فائدہ اٹھایا ان سب کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور اگلے ہفتے تک وزیراعظم کو ممکنہ اقدامات تجویز کریں گے۔
انھوں نے کہا کہ سندھ میں سب سے زیادہ سبسڈی کس کو ملی، اس کا اندازہ لگانا مشکل نہیں۔ سندھ میں سبسڈی کے لیے فارمولا یہ رکھا گیا کہ جس کی ملیں زیادہ ہیں، اسے زیادہ سبسڈی ملے گی، اسی وجہ سے اومنی گروپ کو سب سے زیادہ سبسڈی ملی۔