’نیلی روشنی‘، سخت جان بیکٹیریا کے خلاف نیا ہتھیار
بوسٹن: ہم جانتے ہیں کہ ٹی بی سمیت کئی امراض ایسے ہیں جن کے سامنے ہماری تمام اینٹی بایوٹکس ادویہ تیزی سے ناکام ہوتی جارہی ہیں۔ اب روشنی کی ایک امید نیلی روشنی کی صورت میں سامنے آئی ہے۔ توقع ہے کہ اس سے انتہائی ڈھیٹ بیکٹیریا تلف ہوسکتے ہیں جن میں ایم آر ایس اے بھی شامل ہے جسے مختصراً ایس آرئیس بھی کہا جاتا ہے۔
ماہرین نے کہا ہے کہ روشنی ڈالنے کے عمل فوٹولائسس کے ذریعے تھوڑی دیر کے ایم آر ایس اے جیسے بیکٹیریا کو بھی اتنا کمزور کیا جاسکتا ہے کہ اس کے بعد وہ اینٹی بایوٹکس ادویہ سے ختم ہوسکتا ہے۔ واضح رہے کہ ’میتھی سائلِن رسسٹنٹ اسٹیفائلوکوکس آریئس ‘ نامی جرثومہ ادویہ سے مزاحمت پیدا کرنے والا سب سے مشہور بیکٹیریا ہے جس کا انفیکشن پوری دنیا میں ایک مثال ہے اور مریضوں میں موت کی بڑی وجہ بھی ہے۔
بوسٹن یونیورسٹی میں بایومیڈیکل انجینیئرنگ اینڈ الیکٹریکل انجینیئرنگ سے وابستہ پروفیسر جائی زن کہتے ہیں کہ ہمارے نئے طریقے میں طبعی طور پر ایم آر ایس اے کو کمزور کیا جاتا ہے اور اس کا مضبوط بیرونی خول ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتا ہے۔
پروفیسر جائی زن 2017 سے اس پر کام کررہے ہیں اور انہوں نے حادثاتی طور پر یہ عمل دریافت کیا ہے۔ ایس آریئس میں ایک سنہری مائل پیلی رنگت والا عنصر پایا جاتا ہے جسے اسٹیفائلوزینتھن( ایس ٹی ایکس) کہا جاتا ہے۔ ماہرین کے مطابق نیلی روشنی سے یہ شدید متاثر ہوتا ہے۔
لیکن اس عمل میں ایک اور بات یہ ہوئی کہ ایم آر ایس اے کی پورا مجموعہ یا کالونی بھی تباہ ہوگئی۔ تو معلوم ہوا کہ اگر ایس ٹی ایکس کو تباہ کیا جائے تو بیکٹیریا بھی مرجاتا ہے۔ ماہرین نے نوٹ کیا کہ نیلی روشنی سے ایم آر ایس اے کے 90 فیصد خلیات تباہ و برباد ہوچکے ہیں۔ اور باقی 10 فیصد بیکٹیریا کو ادویہ سے ختم کیا جاسکتا ہے۔
اگلے مرحلے میں ماہرین نے ایک چوہے کی جلد کو ایم آر ایس اے سے متاثر کیا۔ صرف دس منٹ تک ان پر روشنی ڈالی گئی اور اس کے بعد ایک مشہور اینٹی بایوٹک ڈیپٹومائسن دی گئی جس سے بیکٹیریا کی 95 فیصد تعداد ختم ہوگئ۔ اس سے ثابت ہوا ہے کہ نیلی روشنی بہت مؤثر انداز میں دواؤں سے نہ ختم ہونے والے بیکٹیریا کو بھی تلف کرچکی ہے۔