میرا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کیٹیگریز نہیں ٹیم میں کم بیک ہے، سرفراز

لاہور: سینٹرل کنٹریکٹ میں تنزلی کے باوجود سابق کپتان سرفراز احمد بلند عزائم رکھتے ہیں۔
پی سی بی پوڈ کاسٹ میں سرفراز احمد نے کہا کہ میرا ہدف سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگریز نہیں بلکہ قومی کرکٹ ٹیم میں کم بیک ہے کیونکہ کسی بھی چیز کا حصول آسان مگر اسے برقرار رکھنا مشکل ہوتا ہے، میرے لیے کنٹریکٹ کی اے، بی یا سی کیٹیگری معنی نہیں رکھتی۔
سابق کپتان نے کہا کہ اتار چڑھاؤ کرکٹرز کے کیریئر کا حصہ ہوتے ہیں، میں ہر حال میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتا ہوں، بی کیٹیگری بھی اچھی اور اس میں بھی کئی اسٹار پلیئرز شامل ہیں، میری کوشش ہے کہ جب بھی قومی ٹیم میں واپسی کا موقع ملے تو عمدہ کارکردگی سے اپنی جگہ پکی کرلوں، اس کے لیے فارم اور فٹنس پر کام کررہا ہوں۔
سرفراز نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے تینوں فارمیٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، گذشتہ سال ورلڈکپ میں بھی انہوں نے اپنی بولنگ سے متاثر کیا، نوجوان پیسر بلاشبہ سینٹرل کنٹریکٹ میں اے کیٹیگری کے حق دار تھے۔ یاد رہے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں سرفراز احمد کی ایک درجہ تنزلی ہوئی، ان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی نے ٹاپ کرکٹرز میں بابر اعظم اور اظہر علی کو جوائن کیا ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ امید ہے کہ پیسر اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھتے ہوئے قومی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔