مہنگائی کے خلاف وزیراعظم کا بڑا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم نے کہا ہے کہ صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک منتقل نہ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکرٹریز کو قیمتوں و کرایوں میں کمی کے معاملات خود مانیٹر کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کی صورت سامنے آنے چاہئیں، صوبائی حکومتیں مہنگائی کے خلاف کسی بھی قسم کے سخت ایکشن سے گریز نہ کریں۔
اس متعلق وزیراعظم نے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو ہفتہ وار بنیادوں پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی۔
دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، چیف سیکریٹریز اور چیئرمین نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کو مراسلہ بھی جاری کردیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق گزشتہ مہینوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کے بجائے اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے، حال ہی میں گندم کٹائی مکمل ہوئی، آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی جواز نہیں، صوبائی حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ کریں اور نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی صوبوں کے ساتھ مل کر مہنگائی کے خاتمے کے لیے میکنزم بنائے۔