ملک بھر میں 20 مئی سے 30ٹرینیں چلائی جائیں گی، شیخ رشید
اسلام آباد: شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل در آمد کی شرط کے ساتھ 20 مئی سے ملک بھر میں 30 ٹرینیں چلانے کی منظوری دے دی ۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس میں ملک بھر میں ٹرین سروس بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی طور پر 20 مئی سے 30 ٹرینیں چلائی جائیں گی اور حالات سازگار رہے تو یکم جون سے تمام ٹرینیں بحال کردیں گے۔ ٹرینوں کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے ٹرینیں چلانے کی منظوری دی ہے۔ ایس او پیز پر عمل در آمد کے حوالے سے کل تمام اسٹیشنوں پر ریہرسل کی جائے گی۔ ٹرینوں میں سواری آدھی کردی گئی ہے اور کرایہ میں اضافہ نہیں کیا گیا ۔
اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے نے عوام سے مسافروں کو چھوڑنے کے لیے ریلوے اسٹیشن نہ آنے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ صرف مسافر ریلوے اسٹیشن آئیں اور ماسک لگا کر آئیں ۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی ہوئی تو ڈویژن ہیڈ کے خلاف کارروائی کروں گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ نہ تو حکومت کے خلاف کوئی سازش ہو رہی ہے اور نہ ہی نیب آرڈیننس میں ترمیم ہوتا دیکھ رہا ہوں۔ اگر ترمیم آئی تو مخالفت کروں گا۔ حکومت چلتی رہے گی ، البتہ جس نے ملک لوٹا وہ سارے اندر ہوں گے۔ 31 جولائی سے پہلے جھاڑو پھر جائے گی۔