مرکزی حکومت نے سندھ کے 229 ارب روپے پر ڈاکا ڈالا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ مرکزی حکومت نے سندھ کے 229 ارب روپے پر ڈاکہ ڈالا ہے۔
کراچی میں پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال ہم نے متوازن بجٹ دیا تھا، تاہم اس سال کورونا کی وجہ سے نقصان ہوا جب کہ اس کے علاوہ ہونے والا نقصان وفاقی حکومت کی نااہلی ہے، ہمیں اس سال وفاق سے 229 ارب روپے کم ملیں گے، اسے 229 ارب کا ڈاکہ نہ کہوں تو کیا کہوں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ محسوس ہوتا ہے کہ وفاق کے اعلان کردہ اعدادوشمار بھی درست نہیں، وفاق نے ابھی تک سندھ کو 606 ارب کے مقابلے میں 553 ارب روپے فراہم کیے ہیں جب کہ سندھ کو کہا جارہا ہے کہ اگلے سال اسے 760 ارب روپے ملیں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 233 ارب رکھا ہے جب کہ 700 اسکیمز اس سال مکمل کریں گے اور پرانی اسکیمز کو 25 فیصد رقم دی ہے، سوائے محکمہ صحت کے کسی اور محکمے کی نئی اسکیمز شامل نہیں کیں، اس کے علاوہ ہم نے تنخواہیں بڑھائیں ایک پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مشکل حالات میں سرکاری ملازمین کو اکیلا نہیں چھوڑ سکتے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کورونا متاثرین کو 23 ارب کیش ریلیف سہولت دیں گے، 5 ارب انڈسٹریز کی معرفت چھوٹے کاروبار کو قرضے دیں گے جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔