محبت بھی ضروری تھی: راحت فتح علی خان کے گیت نے مقبولیت کے 6 برس مکمل کرلیے
برصغیر پاک و ہند کے عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان کے مقبول گیت محبت بھی ضروری تھی کی ریلیز کو 6 برس مکمل ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق استاد راحت فتح علی خان اور انٹرنیشنل میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے 9 جون 2014 کو Back to love نامی البم لانچ کیا تھا، اس موقع پر البم کی پذیرائی اور مقبولیت پر سلمان احمد نے سامعین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ محبت بھی ضروری تھی جلد یو ٹیوب پر ایک بلین ویوز مکمل کر لے گا۔
انھوں نے استاد راحت فتح علی خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دل و جان سے اس گیت کو گایا، آج 6 برس بعد بھی اس گانے کی مقبولیت میں کمی واقع نہیں ہوئی، اس البم کو 3 ممالک میں لانچ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ استاد راحت فتح علی خان نے کئی بڑے اعزازات اپنے نام کیے، انھوں نے جنوبی ایشیا کے معروف موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی، 7 سال کی عمر میں ان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہو گیا تھا، اب تک ان کے 50 سے زائد البم ریلیز ہوچکے ہیں، یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔
راحت فتح علی خان ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک اور 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔
آکسفورڈ یونیورسٹی نے انھیں جون 2019 میں اعزازی ڈگری پیش کی، 2016 میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا۔