لاک ڈاؤن میں عوام کا تعاون درکار ہے، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں عوام کے تعاون کی ضرورت ہے، لاک ڈاؤن کے دوران اپنے نظام صحت پر توجہ دے رہے ہیں۔
یہ باتیں وزیراعلیٰ سندھ نے کورونا ٹاسک فورس کے 31 ویں اجلاس کی صدارت کے دوران کیں۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ کو کورونا وائرس سے متعلق بریفنگ دی گئی۔اُنہیں بتایا گیا کہ اب تک سندھ میں 469 کیسز رپورٹ کیے گئے ہیں، ان کیسز میں 265 سکھر، 189 کراچی، 1 دادو، 7 لاڑکانہ، 7 حیدرآباد میں ہیں۔
اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ گزشتہ تین دن میں 41 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، سندھ کے عوام کوبچانےکی کوشش ہے، وہ میرے ساتھ ہیں۔اس سے قبل سندھ حکومت نے صوبے میں بڑھتے ہوئے کورونا کیسز کے بعد صوبے کی سبزی منڈیوں میں مزید سختی کا فیصلہ کیا ، صوبے کی تمام سبزی منڈیاں دن 12 بجے سے رات 12 تک بند رہیں گی۔
اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا مقصد خریداروں اور مزدوروں کو محفوظ رکھنا ہے، منڈیوں میں غیر ضروری رش اورہجوم پر پہلے ہی پابندی ہے۔