قومی سلامتی کمیٹی اجلاس، ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کرونا وائرس سے متعلق قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا جس میں ملک بھر کے تعلیمی ادارے 5 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی، اجلاس میں دفاع، خارجہ، داخلہ اور قانون کے وزرا بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور آئی ایس آئی کے چیف بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کرونا وائرس سے متعلق صورتحال کا جائزہ لیا گیا، کرونا وائرس سے متعلق ملک میں ایمرجنسی کےنفاذ پر مشاورت ہوئی۔
مزید پڑھیں: کورونا کا خطرہ: سندھ میں تعلیمی ادارے 30 مئی تک بند رہیں گے
اجلاس کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 5 اپریل تک بند کیا جائے گا۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا کہنا تھا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ تمام مدارس بھی بندرہیں گے، تمام نجی اور سرکاری اسکولز اور یونیورسٹیاں بھی بند رہیں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ 27 مارچ کو صورتحال کا جائزہ لے کر تعلیمی ادارے کھولنے یا بند رکھنے کا فیصلہ ہوگا۔