عوام کورونا کو سنجیدہ نہیں لے رہے، احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق ایس او پیز پر عمل کریں۔ اگر احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے۔
قوم کو کورونا وبا سے متعلق صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام کورونا وائرس کو سنجیدہ نہیں لے رہے اور کہہ رہے ہیں کہ یہ فلو ہے، اس لیے ایس او پیز پر عمل نہیں کرتے، میں سب کو کہنا چاہتا ہوں کہ اس عمل سے ہم سب کی زندگی مشکل میں ڈال رہے ہیں۔ ماسک ضرور پہنیں۔ ماسک کی وجہ سے 50 فیصد بیماری سے بچا جاسکتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کورونا کنٹرول میں رہے تاکہ ہسپتالوں پر دباؤ نہ پڑے۔ ساری دنیا نے لاک ڈاؤن کھول دیا، لاک ڈاؤن کے اثرات معیشت پرپڑتے ہیں، لاک ڈاؤن سے دیہاڑی دار طبقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، لوگوں کے گھروں میں بھوک ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا مطلب وائرس ختم نہیں ہوگا، لاک ڈاؤن کا مقصد وائرس کے پھیلاؤ کو کم کرنا ہے۔ اگر احتیاط نہ کی تو بہت مشکل وقت آنے والا ہے، کوئی ملک زیادہ دیر تک لاک ڈاؤن برداشت نہیں کرسکتا، کیونکہ معیشت بھی چلانی ہوتی ہے، امریکا نے بھی لاک ڈاؤن کھول دیا ہے، جہاں پر ایک لاکھ سے زائد لوگ مر چکے ہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ کوشش کررہے ہیں کہ ایک ہزار سے زائد بیڈز (جن میں آکسیجن ہوتے ہیں) سارے پاکستان میں پہنچا دیں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو احتیاط کرنی چاہیے، اگر ہم نے احتیاط نہ کی تو ملکی حالات بھی یورپ اور دیگر ممالک کی طرح ہوسکتے ہیں، امریکا میں ایک روز کے دوران دو ہزار سے زائد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ پاکستان میں تین ماہ کے دوران دو ہزار جاں بحق ہوئے ہیں۔