عالمی منڈی میں سونا مہنگا، پاکستان میں سستا ہوگیا
کراچی: عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت میں 15 ڈالر کا اضافہ ہوا جب کہ پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کم ہوگئی۔
نجی ٹی وی کے مطابق بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 15 ڈالر کے اضافے سے 1719 ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی، تاہم ملکی صرافہ مارکیٹوں میں جمعرات کو فی تولہ اور دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 200 روپے اور 172 روپے کی کمی واقع ہوئی۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں قیمتوں میں کمی کے بعد فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 95 ہزار روپے اور دس گرام سونے کی قیمت کم ہوکر 81 ہزار 447 روپے کی سطح پر آگئی۔
چاندی کی فی تولہ قیمت 40 روپے کے اضافے سے 1000 روپےاور فی دس گرام چاندی کی قیمت 34 روپے 34 پیسے کے اضافے سے857 روپے 34 پیسے کی سطح پر آگئی۔ بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں جمعرات کو فی تولہ سونے کی قیمت دبئی گلڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 6000 روپے کم ہے۔