عالمی مالیاتی ادارے پاکستان کو ایک ارب 50 کروڑ ڈالر دیں گے!
اسلام آباد: ورلڈ بینک، ایشین انٹرنیشنل انفرا اسٹرکچر بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک پاکستان کو مجموعی طور پر ایک ارب 50 کروڑ ڈالر فراہم کریں گے، معاہدے طے پاگئے۔
وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مالیاتی معاہدوں پر دستخط کے حوالے سے اسلام آباد میں تقریب ہوئی، جس میں وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی شرکت کی جب کہ پاکستان کی جانب سے معاہدوں پر دستخط سیکریٹری اقتصادی امور نور عالم نے کیے۔اعلامیے کے مطابق مالیاتی معاہدے عالمی بینک، ایشیائی ترقیاتی بینک اور ایشین انٹرنیشنل انفرا اسٹرکچر بینک سے کیے گئے، معاہدوں کے تحت ایک ارب 50 کروڑ ڈالر کی رقم پاکستان کو بجٹ سپورٹ پروگرام کے تحت خصوصی رعایتی بنیادوں پر دی گئی ہے، رقم کورونا رسپانس میں استعمال میں آئے گی۔
وزیراعظم عمران خان اور وفاقی وزیر اقتصادی امور نے تینوں عالمی بینکوں کا کورونا رسپانس کے لیے مالی تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ رعایتی بنیاد پر مالی امداد ملنا عالمی برادری کا پاکستان کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔