صوبے میں کوروناوائرس کی صورتحال عروج پر ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ صوبے میں کوروناوائرس کی صورتحال عروج پر ہے کیونکہ ہم نے 2571 ٹیسٹ کروائے جس  میں سے 417 کیسز کا پتہ چلا ہے جو ٹیسٹوں کا16.2 فیصد ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان میں  وزیراعلیٰ  سندھ نے کہا کہ 2571 ٹیسٹ کئے گئے جس میں سے 417 نئے  مثبت کیسز سامنے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے اب تک 66623 نمونوں کی جانچ کی ہے اور 7882 کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جوکہ 11.83 فیصد بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث 7 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس نے اب تک 137 افراد کی جانیں لی ہیں۔ انہوں نے کہا  کہ اموات کا تناسب کل مریضوں کا 1.7 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت 6116 مریض زیر علاج ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 4994 مریضوں کو گھروں  میں آئسولیشن میں رکھا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز انھیں علاج فراہم کر رہے ہیں،  615 قرنطینہ مراکز میں اور 507 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج  ہیں۔انہوں نے انکشاف کیا کہ 79 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے  اور ان میں سے 16 مریض وینٹیلیٹرز پر ہیں۔
کراچی کی ضلع کے حساب سے تفصیلات بتاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 417 کیسز میں سے 357 کا تعلق کراچی سے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملیر میں 123، جنوبی  میں 91 ، وسطی میں 51، شرقی میں  44 اور غربی میں  30 کیسز  کی تشخیص  ہوئی ہے۔ مراد علی شاہ نے دوسرے اضلاع کے بارے میں بتایا کہ گھوٹکی میں 20 ، حیدرآباد میں 8، جیکب آباد میں 3اور نوشہروفیروز اور سجاول میں ایک۔ ایک نئے کیسز کا پتہ چلا ہے۔ وزیراعلیٰ  سندھ نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ سماجی دوری  اپنائیں اور ایس او پی پر عمل کریں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔