شہباز شریف کا 19 روزہ قرنطینہ ختم

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے 19 روزہ قرنطینہ ختم کر دیا۔

22 مارچ کو لندن سے پاکستان پہنچنے کے بعد شہباز شریف نے خود کو گھر پر سیلف آئسو لیشن میں رکھا۔ جمعہ کوقریباً 19 روز بعد انہوں نے سیلف آئسولیشن ختم کرکے اپنے حلقے میں نتھا سنگھ قصبے کا دورہ کیا اور عوام کے ساتھ اراکین قومی وصوبائی اسمبلی سے ملاقات کی۔
شہباز شریف نے حلقے کے عوام سے ان کے مسائل دریافت کیے۔ انہوں نے راشن تقسیم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پورے پاکستان میں عوام کو راشن اور دیگر امدادی اشیا ان کی دہلیز پر فراہم کی جائیں اور یہ تقسیم بغیر کسی نمود ونمائش کے جاری رکھی جائے۔ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف پارٹی کے سینئر رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو ضمانت پر رہائی کی مبارکباد دینے ان کی رہائش گاہ ڈیفنس پہنچے۔ اس موقع پر اُن کا کہنا تھا کہ تمام لیگی کارکن اور رہنما اپنے اپنے حلقوں میں عوامی خدمت اور امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے کیونکہ اس وبا سے بچنے کا ایک ہی طریقہ احتیاط ہے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔