شہباز شریف بھی کورونا میں مبتلا
لاہور: مسلم لیگ (ن) کے صدراور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
میاں شہباز شریف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ انہوں نے ماڈل ٹاؤن رہائش گاہ پر خود کو قرنطینہ کرلیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کررہے ہیں۔
(ن) لیگ رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ قوم سے دعاؤں کی درخواست ہے، اللہ تعالی شہباز شریف کو جلد صحت یاب کرے، شہبازشریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کرکے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا ہے۔ تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہبازشریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے۔ یہاں تک کہ وڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی گئی تھی۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ 9 تاریخ کو نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمے دار ہوں گے۔