شوگر ملز ایسوسی ایشن کا یوٹیلیٹی اسٹورز کو سستی چینی دینے سے انکار
شوگر ملز ایسوسی ایشن نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو سستی چینی فراہم کرنے سے انکار کردیا۔
پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے وفاقی وزارت صنعت و پیداوارکو خط لکھا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کو 63 روپے کلو چینی نہیں دے سکتے، وزارت صنعت کی 63 روپےکلو چینی فراہمی کی سفارش کی قانونی حیثیت نہیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کاکہنا ہے کہ وہ 60 ہزار ٹن چینی دینے کے لیے تیار ہیں اور عبوری عدالتی حکم کے تحت 70 روپےکلو چینی فراہم کریں گے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ گھریلو استعمال کے لیے نان کمرشل اداروں کو 70 روپےکلو چینی دینےکو تیار ہیں اور عدالتی حکم کے تحت وفاقی حکومت چینی 70 روپے کے حساب سے اٹھانے کے انتظامات کرسکتی ہے، انتظامات کو حتمی شکل دینے تک شوگر ملز نان کمرشل صارفین کو ازخود 70روپے کلو چینی فراہم کرے گی۔
خیال رہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز نے شوگر ملز ایسوسی ایشن سے 63 روپے فی کلو چینی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا اور ایسوسی ایشن کے نام خط میں کہا تھا کہ شوگر ملز چینی 63 روپے کلو فراہم کریں تاکہ شہریوں کو ریلیف دیا جاسکے۔
گزشتہ روز وزارت صنعت و پیداوار نے شوگر ملز کو یوٹیلٹی اسٹورز کی جانب سے بتائی گئی قیمت پر چینی فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔