شب برأت پر عوام گھروں میں رہ کر عبادت کریں، وزیراعلیٰ سندھ
کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس اورشب برأت کے حوالے سے پیغام میں کہا کہ شب برأت مغفرت اوررحمت کی رات ہے، رب العزت ہماری دھرتی کوشاد آباد رکھے اورمصیبتوں سے نجات عطا فرمائے، عوام سے گزارش ہے کہ شب برأت پر اپنے گھروں میں رہتے ہوئے بزرگوں اورملک و قوم کے لیے دعائیں کریں، آج رات اپنے پیاروں، جو اس فانی جہاں کو چھوڑ چکے ہیں، کی مغرفت کے لیے گھروں میں بیٹھ کردعا کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سماجی فاصلہ اختیار کرتے ہوئے ہی کورونا وائرس سے نجات حاصل کرسکتے ہیں، اللہ پاک ہمیں نیک اعمال کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورعلما کرام سے درخواست ہے کہ وہ ٹی وی چینلز کے ذریعے شب برأت کی فضیلت پر بات کریں۔
مراد علی شاہ نے وڈیو میں بتایا کہ کورونا وائرس کے گذشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 50 مریض سامنے آئے ہیں، آج کورونا کے خلاف جنگ میں 2 لوگ زندگی کی بازی ہارگئے، اس سے ابھی تک 20 اموات ہوچکی ہیں، ہم نے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 758 ٹیسٹ کیے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی تعداد 10981 ہے، 50 نئے کیس سامنے آنے کے بعد سندھ میں کیسز کی کل تعداد 1036 ہوگئی ہے، 382 مریض گھروں میں آئیسولیشن ہیں، 97 مریض مختلف آئیسولیشن سینٹرز میں ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ ہم ٹیسٹ کرنے کی صلاحیت کو بڑھانے کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے، آپ احتیاط کریں، اگرہم اپنی مدد آپ نہیں کریں گے تو ہماری مدد کوئی نہیں کرے گا، ایک بار پھر عوام سے گزارش ہے کہ سماجی دوری اختیار کریں اورگھروں میں رہیں۔