شادی سے پہلے کالے جادو پر یقین نہیں تھا، ریحام خان
وزیرِ اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کا کہنا ہے کہ عمران خان سے شادی اور پاکستان آنے سے پہلے وہ کالے جادو پر یقین نہیں رکھتی تھیں۔
وائس آف سندھ کی نمائندہ ردا ذاکر کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ریحام خان نے اپنی ذاتی زندگی اور تجربے، پاکستان کی سیاست اور خواتین کے کردار پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ضروری نہیں کہ عملی سیاست میں آکر یا پارلیمینٹ میں جا کر ہی آپ سیاستدان ہوتے ہیں، اگر آپ معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں تو یہ بھی سیاست کا حصہ ہی ہے۔
انہوں نے عمران خان سے شادی کی ناکامی کے حوالے سے کہا کہ کوئی بھی رشتہ ایمانداری، اخلاص اور وفاداری کی بنیاد پر آگے بڑھایا جا سکتا ہے،شادی کے لیے ان تین چیزوں کا ہونا ضروری ہے۔ ان سے جب کالے جادو کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ میرا کالے جادو پر پہلے یقین نہیں تھا لیکن پاکستان آنے اور طلاق کے بعد میرا اس پر یقین ہے۔ لیکن کالے جادو کا میری طلاق سے کوئی تعلق نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بنی گالا کی کوئی یاد نہیں ستاتی نہ ہی میرے پاس اتنا وقت ہے کہ میں ماضی کو یاد کرتی رہوں۔ ان سے جب حکومت کی دو سالا کارکردگی اور حالیہ کورونا وبا پر حکومتی پالیسی کے متعلق پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا عمران خان اور ان کی کابینہ خود کنفیوژ ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا سے کیسے نمٹا جائے اور اس ضمن میں حکومت کی طرف سے کوئی واضح پالیسی بھی نہیں دکھائے دیتی۔
عمران خان خود پارلیمارنی سیشن میں شرکت نہیں کر رہے اور دوسری جانب وہ سوشل میڈیا انفلیونسرز سے ملاقات کر رہے ہیں، انہوں نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزارتِ اطلاعات کو چلانے میں بری طرح ناکام ہوئی ہے۔ پچھلے دو سالوں میں کوئی ترقی نہیں ہوئی، شاہ محمود قریشی کے اپنے حلقے میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں جبکہ مراد سعید نے اپنے حلقے میں جانا ہی چھوڑ دیا ہے۔
خواتین کے کردار پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے دیکھا ہے پاکستان میں خواتین کو ڈیکوریٹیڈ پیسز کی طرح سمجھا جاتا ہے۔ خواتین کو میڈیا، سیاست، عدلیہ اور ہر شعبے میں ایک دوسرے کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔ سیاست پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرے جیسے صاف گو اور سیدھی بات کرنے والی کی پاکستانی سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔
ریحام خان نے ایک سوال کے جواب میں بلاول بھٹو اور آصف زرداری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بولنا خوب آتا ہے جبکہ مریم نواز کو انہوں نے بہادر خاتون کہہ کر مخاطب کیا۔
انہوں نے اپنے مستقبل کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی ہاوُس وائف بن کر گھر پر نہیں بیٹھ سکتی۔ میں اپنے کیرئیر پر زیادہ دیہان دیتے ہوں اور مستقبل میں بھی کام کرتی رہوں گی۔
انہوں نے ایک مثالی جیون ساتھی کی خصوصیات بتاتے ہوئے کہا کہ یاد رہے ایک غصے والا، کنجوس، تنگ نظر اور بے وفا یہ عادتیں جن میں بھی ہوں اُس سے ہر صورت دور رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے مثالی جیون ساتھی وہ ہے جس کے سامنے مجھے بناوٹ نہ کرنی پڑے، مجھے محسوس ہو کہ جو میں اندر سے ہوں وہی باہر بھی ہوں۔
یاد رہے ریحام خان برطانوی شہری ہیں اور وزیرِ اعظم عمران خان سے علیحدگی کے بعد وہ 2015 سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں۔