سونے کی قیمت میں اضافے کا رجحان برقرار
کراچی: صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کے روز بھی سونے کی فی تولہ اور دس گرام قیمت میں بالترتیب 300 روپے اور 258 روپے کا اضافہ ہوا۔
بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 4 ڈالر کے اضافے سے 1730 ڈالر کی سطح تک پہنچ گئی، جس کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں ہفتے کو بھی فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب 300 روپے اور 258 روپے کا مزید اضافہ ہوگیا۔
قیمتوں میں اضافے کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت بڑھ کر 97 ہزار 500 روپے اور دس گرام سونے کی قیمت اضافے کے بعد 82 ہزار 591 روپے کی سطح پر آگئی۔
بلین مارکیٹ کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہفتے کو بھی فی تولہ سونے قیمت دبئی گولڈ مارکیٹ کے مقابلے میں 6000 روپے کم رہی ہے۔ تاہم اس کے برعکس فی تولہ چاندی کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے1040روپے اور دس گرام چاندی کی قیمت 891روپے63 پیسے کی سطح پر مستحکم رہی ہے۔