سعودی حکومت کا پاکستانی محنت کشوں سے متعلق بڑا اعلان

اسلام آباد: سعودی حکومت نے مقامی کمپنیوں کو آئندہ 3 ماہ تک پاکستانی محنت کشوں کی برطرفی سے روکنے کا اعلان کردیا ۔
نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی زلفی بخاری سے ویڈیو لنک پر ہونے والے رابطے میں سعودی وزیر برائے افرادی قوت عبداللہ بن نصیر نے اعلان کیا کہ سعودی کمپنیاں آئندہ 3 ماہ تک پاکستانی محنت کشوں کو ملازمت سے برطرف نہیں کریں گی۔ تمام ملازمین کو 3 ماہ تک تنخواہ کی ادائیگی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اب تک بر طرف کیے گئے ملازمین سے بھی تعاون کیا جائے گا۔ پاکستانی محنت کشوں کو مکمل تنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے گی۔
سعودی وزیر کا کہنا تھا کہ دسمبر تک پاکستانی مزدوروں کے ویزوں کی توسیع بالکل مفت ہو گی، اس کے علاوہ سعودی عرب نے انٹری اور ایگزٹ ویزے کی مدت بڑھانے اور پاکستان رقم بھیجنے کے لیے ایس ٹی سی پے کی سہولت بھی مفت کرنے کا اعلان کیا۔
زلفی بخاری نے بھرپور تعاون کی یقین دہانی پر سعودی وزیر سے اظہار تشکر کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان فلائٹ آپریشن جلد شروع کرنے پر بھی بات چیت ہوئی اور مشکل صورت حال میں رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔