سروان کورونا سے بھی بدتر اور سانپ ہے، کرس گیل
پورٹ آف اسپین: کرس گیل نے سی پی ایل ٹیم جمیکا تلاواز سے باہر کیے جانے کا ذمے دار رام نریش سروان کو سمجھتے ہوئے انہیں کورونا وائرس سے بھی بدتر قرار دے دیا، انہوں نے اپنے یوٹیوب چینل پر غم و غصے سے بھری 3 ویڈیوز جاری کیں۔
اس سیزن میں گیل کو رام نریش سروان کی آبائی ٹیم جمیکا نے فارغ کردیا تھا جس کی وجہ سے انہیں سینٹ لوشیا زوکس میں جانا پڑا جہاں پر وہ ڈیرن سیمی کی قیادت میں کھیلیں گے۔
کرس گیل نے کہا کہ سروان تم کورونا وائرس سے بھی بدتر ہو، تلاواز سے میری رخصتی میں تم نے اہم کردار ادا کیا، میری برتھ ڈے پارٹی میں کتنی بڑی تقریر کی تھی، سروان تم ایک سانپ ہو، تم جانتے ہو کہ تمہیں کیریبیئنز میں زیادہ پسند نہیں کیا جاتا، سب کو معلوم ہے کہ تم خود کو فرشتہ ظاہر کرتے ہو مگرحقیقت میں شیطان ہو، تم زہریلے ہو۔
کرس گیل نے کہا کہ میں نے سروان کے منہ پر کہا تھا کہ تمہیں ہیڈ کوچ بننے کا کوئی تجربہ نہیں اور یہ ایک آسان جاب نہیں ہے، اس نے کھلاڑیوں پر کرفیو لگایا،وہ ایک متعصب شخص ہے۔