سرحدی جارحیت پر سینئر بھارتی سفارت کار دفتر خارجہ طلب، پاکستان کا احتجاج
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے سینئر بھارتی سفارت کار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاج کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ بھارتی فوج ایل او سی، ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادیوں کو مسلسل نشانہ بنارہی ہے، 2020 میں بھارت نے 1296 مرتبہ سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیاں کی، رواں برس ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باعث 7 شہری شہید جب کہ 98 شدید زخمی ہوئے، ایل او سی پر کشیدگی بڑھا کر بھارت مقبوضہ کشمیر سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹاسکتا۔
یاد رہے گزشتہ روز بھارتی فوج نے جند روٹ سیکٹر کے گاؤں ڈیرہ شیر خان، سندھارا اور بامروچ میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، فائرنگ کی زد میں آ کر 4 شہری زخمی ہوئے۔